Friday, July 12, 2013

کفن


عَنِ ابْن عَبَّاسٍ قَالَ قَالَ رَسُوْلُ اللہِ اِلْبِسُوْا مِنْ ثِیَابکُمْ الْبَیَاضَ فَاِنَّھَا مِنْ خَیْر ثِیَابِکُمْ وَکَفِّنُوْافِیْھَا مَوْتَاکُمْ

حضرت ابن عباس سے(روایت ہے) کہا(انہوں نے) فرمایا اللہ کے رسول(نے) پہنو تم سب اپنے کپڑوں میں سے سفید بیشک یہ (سفید کپڑے) تمہارے بہتر کپڑے ہیں اور کفناؤ تم ان(کپڑوں)میں اپنے مُردوں (کو)

بامحاورہ ترجمہ: حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ اللہ کے رسو ل عزوجل وصلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ تم لوگ سفید کپڑے پہنا کر و اسلئے کہ وہ عمدہ قسم کے کپڑے ہیں اور سفید کپڑوں میں اپنے مردوں کو کفنایا کرو۔

(جامع الترمذی،کتاب الجنائز،باب مایستحب من الاکفان،الحدیث۹۹۶،ج۲،ص۳۰۱)

وضاحت:

    یہ حکم استحبابی ہے کہ زندوں اور مُردوں کے لیے سفید کپڑا مستحب ہے ورنہ عورت میت کے لیے ریشمی، سوتی، سرخ پیلا ہر طرح کا کفن جائز ہے اگرچہ بہتر سفید اور سوتی ہے۔
 (مراٰۃ المناجیح،ج ۲،ص۴۶۳)

    جو کپڑا زندگی میں پہن سکتا ہے اس کا کفن دیا جاسکتا ہے اور جو زندگی میں ناجائز اس کا کفن بھی ناجائز ۔میت کو کفن دینا فرضِ کفا یہ ہے۔ کفن کے تین درجے ہیں۔

( 1) ضرورت    (2) کفایت    (3)سنت

مرد کیلئے کفنِ سنت:    تین کپڑے ہیں۔

(1)لفافہ    (2)اِزار    (3)قمیص

مرد کیلئے کفنِ کفایت: دو کپڑے ہیں۔

(1)لفافہ    (2)اِزار

عور ت کیلئے کفنِ سنت: پانچ کپڑے ہیں۔

(1)لفافہ (2)اِزار     (3)قمیص  (4)اوڑھنی    (5)سینہ بند

عورت کیلئے کفنِ کفایت: تین کپڑے ہیں۔

(1)لفافہ (2)اِزار (3)اوڑھنی یا
(1)لفافہ (2)قمیص (3)اوڑھنی

مرد و عورت کیلئے کفنِ ضرورت:    کفنِ ضرورت دونوں کیلئے یہ کہ جو میسر آئے اور کم از کم اتنا تو ہو کہ سارا بدن ڈھک جائے۔

(1)لفافہ(یعنی چادر): میت کے قد سے اتنی بڑی ہو کہ دونوں طرف باندھ سکیں۔
(2)اِزار(یعنی تہ بند): چوٹی سے قدم تک یعنی لفافہ سے اتنا چھوٹا جو بندش کیلئے زیادہ تھا۔
(3)قمیص(یعنی کفنی):گردن سے گھٹنوں کے نیچے تک اور یہ آگے اور پیچھے دونوں طرف برابر ہو اس میں چاک اور آستینیں نہ ہوں۔ مرد کی کفنی کندھوں پر چیریں اور عورت کیلئے سینے کی طرف۔
(4)اوڑھنی:    تین ہاتھ کی ہونی چاہیے یعنی ڈیڑھ گز۔
(5)سینہ بند:    پستان سے ناف تک اور بہتر یہ ہے کہ ران تک ہو۔

(بہار شریعت حصہ۴،ص۱۶۶،۱۶۸)


دعا:
    یاربِّ مصطَفٰے عَزَّوَجَلَّ وصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ! ہمیں قبر کی تنگی اور وحشت سے بچا ۔ یا اللہ عَزَّوَجَلَّ ہمیں سچّا عاشِقِ رسول بنا۔ یااللہ ! عَزَّوَجَلَّ اُمَّتِ  محبوب (صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ) کی بخشش فرما ۔

اٰمِین بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِین صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم